دہشت گردی، عسکریت پسندی کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، آرمی چیف

By | 24/11/2018
Spread the love

ملتان: چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آرمی چیف نے یہ بات ملتان گیریژن کے دورے کے موقع پر کہی جہاں انہوں نے مختلف تربیتی مشقوں کا مشاہدہ کیا ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ فوج نے بھرپور تیاری اور پیشہ وارانہ قابلیت کے ذریعے جنگ کو قابو کرلیا ہے۔

دورے کے دوران آرمی چیف نے ملتان گیریژن کے افسران سے ملاقات کی اورا ن کے ساتھ ملکی سلامتی اور اس کے درپیش چیلینجز اور ان سے نمٹنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھرپور اور متحرک آپریشن کے بعد اب ہم استحکام قائم کرنے کے عمل میں ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، بھرپور کوششیں کرنے کے ساتھ ہمیں ایسے اقدمات کرنے پڑیں گے جو مسئلے کی جڑ ختم کرسکیں۔

آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ دینی چاہیے تا کہ پاکستانی عوام بہتر سیکیورٹی صورتحال کے ثمرات سے فائدہ اٹھا سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر دانستہ یا غیر دانستہ طور پر ملک کو محاذ آرائی کی طرف لے جارہے ہیں ، ریاست انہیں مذہب، قومیت، یا کسی اور نام پر ایسا کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ ملکی امن و استحکام، ترقی اور قانون کی عملداری سب سے مقدم ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *